محبوب نگر شاہ صاحب گٹہ چوراہے پر خوبصورت ویلکم بورڈ اور ہائی ماسٹ لائٹس کا افتتاح؛ رکن اسمبلی ینم سرینواس ریڈی کے ہاتھوں رسمِ انجام
محبوب نگر کے تاریخی و اہم علاقے شاہ صاحب گٹہ جانے والے اہم چوراہے پر خوبصورت و پرکشش ویلکم بورڈ اور ہائی ماسٹ لائٹس کا شاندار افتتاح مقامی رکن اسمبلی مسٹر ینم سرینواس ریڈی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس ویلکم بورڈ پر حضرت سید مردان علی شاہ قادری رحمتہ اللہ علیہ، شاہ صاحب گٹہ، بی کے ریڈی کالونی اور مرلو کے نام درج کیے گئے ہیں، جو اس علاقے میں آنے والے افراد کے لیے ایک خوبصورت اور رہنمائی فراہم کرنے والا استقبالیہ منظر پیش کرتا ہے۔ چوراہے پر ہائی ماسٹ لائٹس کی تنصیب اور ویلکم بورڈ کی تکمیل سے علاقے کے حسن میں اضافے کے ساتھ ساتھ رات کے وقت روشنی اور عوام کی سہولت و تحفظ میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
اس موقع پر میڈیا اور اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی ینم سرینواس ریڈی نے کہا کہ حضرت سید مردان علی شاہ قادریؒ کی درگاہ 100 سال سے زائد عرصے سے عقیدت اور بھائی چارے کا مرکز رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محبوب نگر میں گنگا جمنی تہذیب کی ایک دیرینہ روایت ہے جہاں تمام مذاہب اور طبقات کے لوگ آپسی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ رہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہر میں بلا تفریق مندروں، مساجد، درگاہوں اور گرجا گھروں کی یکساں ترقی کا سلسلہ جاری ہے۔ مزید برآں، محبوب نگر کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینے کے بعد انڈر گراؤنڈ ڈرینج سسٹم کے لیے 603 کروڑ روپے اور پینے کے پانی کی فراہمی کے تحت 14 واٹر ریزروائرز کے لیے 220 کروڑ روپے کے وسیع تر ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے۔
اس باوقار تقریب میں حضرت سید عبدالرزاق شاہ قادری، میونسپل کارپوریشن میئر ممتا، موڈا (MUDA) چیئرمین لکشمن یادو، ڈسٹرکٹ لائبریری چیئرمین ملو نرسمہا ریڈی، اے ایم سی چیئرمین انیتا، سعادت علی جنیدی (ڈائریکٹر گورنمنٹ ہاسپٹل)، محمد احمد کاسمک، عظمت علی، مدھو، کارپوریٹر شبیر احمد، محمد طاہر، سلمان، عمر کوتوال، افروز شاہ، محمد جہانگیر، ریاض الدین، امجد، امین الدین، ظفر شاہ، ضمیر الدین، فاروق حسین اور مقامی عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

