مرکزی میلاد جلوس، دیگر ریالیوں و سجاوٹ میں پولیس کے تعاون کا تیقن
ڈی جی پی سی وی آنند، کمشنر پولیس وی سی سجنار و دیگر عہدیداروں کے ساتھ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 22 اگست (پریس نوٹ) مرکزی میلاد جلوس چہارشنبہ 12 ربیع الاول، 26 اگست کو بعد نماز ظہر تاریخی مکہ مسجد سے نکالا جائے گا۔ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی حیدرآباد کی جانب سے جلوس کی تیاریوں کے ضمن میں حیدرآباد و دیگر مقامات پر میلاد جلوسوں کے انتظامات کو آسان کرنے ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند، کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار اور پولیس کی دیگر اعلی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا۔
جشن میلاد کی ضمن میں سجاوٹ و دیگر انتظامات کے لئے نمائندگی کی گئی۔ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی حیدرآباد کے وفد نے ڈی جی پی سی وی آنند سے ان کے دفتر میں لکڑی کا پل اور کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار و سٹی پولیس کے دیگر عہدیداروں سے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر بنجارہ ہلز پر ملاقات کی۔
وفد میں کنوینر جلوس مولانا حافظ مظفر حسین خان بندہ نوازی، جوائنٹ سکریٹری کمیٹی مولانا سید شاہ محمد سیف اللہ حسینی قادری الباقری سیف پاشاہ، جوائنٹ کنوینر مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری، کمیٹی کے پبلسٹی سکریٹری ڈاکٹر خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ کے علاوہ کمیٹی کے ارکان مولانا سید احمد محی الدین قادری نوری شاہ ثانی، مولانا شیخ فرید الدین زاہد چشتی کریمی، مولانا سید لیاقت حسین رضوی مختار پاشاہ، مولانا سید ندیم اللہ حسینی، مولانا سید شاہ ولی بادشاہ قادری الجیلانی ہاشم پاشاہ، مولانا صوفی سیف احمد یافعی قادری کے علاوہ دیگر مشائخ حضرات مولانا رحیم الدین شکیل سہروردی، مولانا حافظ سید ابرار احمد حسینی سہروردی،
مولانا صوفی عبدالصمد شطاری اور دوسرے موجود تھے۔ وفد نے پولیس عہدیداروں کو بتایا کہ مرکزی جلوس میں شامل ہونے کے لیے نہ صرف شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات بلکہ اطراف کے مقامات سے بھی چھوٹے جلوس اس میں شریک ہوتے ہیں۔ حیدرآباد ہی نہیں ریاست کے تمام اضلاع کے مستقر اور چھوٹے شہروں میں میلاد النبیؐ کے ضمن میں سجاوٹ کے لیے پولیس کو ہدایت دی جائے کہ وہ کوئی رکاوٹ نہ پیدا کرے۔
حیدرآباد کے علاوہ دیگر مقامات سے بھی یہ شکایتیں موصول ہورہی ہیں کہ پولیس کی جانب سے سجاوٹ میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے اور جلوس کے بارے میں پابند کیا جارہا ہے۔ ڈی جی پی نے کمیٹی کو تیقن دیا کہ وہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاست کے تمام مقامات پر پولیس کمشنرس اور ضلع سپرنٹنڈنس کو ہدایت دیں گے کہ وہ میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں متعلقہ آرگنائزرس کے ساتھ مشاورت کرکے انتظامات میں سہولت فراہم کریں۔
کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار نے مسلمانوں کو میلاد النبیؐ کی پیشگی مبارکباد دی اور کہا کہ گذشتہ برسوں میں مرکزی میلاد جلوس کمیٹی نے شہر میں امن و محبت کے فروغ کے لئے جو قربانی دی اس سے ملک بھر میں بھائی چارہ کی بہترین مثال قائم ہوئی۔ میلاد جلوس مجموعی طور پر پرامن ہوتا ہے لیکن 2 یا 3 فیصد نوجوان بائیک سوار اور آٹو رکشا کے کرتب دکھاکر جلوس کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ گاڑیوں کے سائلنسر نکالنے پر پولیس سخت کاروائی کرے گی۔
تین سواری گاڑیوں اور کم عمر بچوں کی گاڑیاں چلانے پر کاروائی کی جائے گی۔ ایڈیشنل کمشنر لا اینڈ آرڈر تفسیر اقبال نے کہا گذشتہ برسوں کے تجربات کو دیکھتے ہوئے اس سال نظم و ضبط کی برقراری پر توجہ دی جائے گی۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک جوئیل ڈیوس نے کہا کہ کمیٹی کے اشتراک سے مرکزی جلوس اور دیگر مقامات کے جلوسوں کے باقاعدہ انتظامات کئے جائیں گے
۔ ڈی سی پی چارمینار زون کرن کھیرے نے خیر مقدم کیا۔ کمیٹی کی جانب سے واضح کیا گیا کہ چند غیر منظم نوجوانوں کے گروپس کی وجہ سے میلاد جلوس کی بدنامی ہورہی ہے۔ یہ جلوس حضور اکرمؐ کی محبت و عقیدت میں نکالا جاتا ہے جو مجموعی طور پر خرافات سے پاک ہوتا ہے۔
مرکزی جلوس کے قبل رات میں اور جلوس کے بعد رات میں چند مقامات پر حرکتوں سے تمام امت مسلمہ پر حرف آرہا ہے۔ اس ضمن میں نوجوانوں کو مثبت ترغیب دی جائے گی۔ اجلاس میں ڈی سی پی گولکنڈہ زون راگھویندرا ریڈی، ڈی سی پی ٹریفک راہل ہیگڈے، ایڈیشنل ڈی سی پی چارمینار زون عبدالماجد، ڈی سی پی راجندر نگر سرینواس اور دوسرے شریک تھے۔
مرکزی میلاد جلوس کمیٹی حیدرآباد نے ان اقدامات پر ڈی جی پی تلنگانہ سی وی آنند، کمشنر پولیس وی سی سجنار اور دیگر عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔

