حیدراباد - 6اکتوبر ( اردو لیکس ڈیسک) لدبئی سے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز کو مبینہ طور پر گرانے کی کوشش کرنے والے کو پائلٹ الحمامی نے تحقیقات کے دوران اس اقدام کی وجہ بتادی۔ متحدہ عرب امارات کے حکام کی جانب سے کی جانے والی پوچھ تاچھ میں الحمامی نے مبینہ طور پر بتایا کہ اس نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں طیارہ گرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق الحمامی کا مقصد طیارے کو گرا کر خود بھی ہلاک ہونا اور ''شہید'' بننا تھا۔ گزشتہ ہفتے دبئی سے اسرائیل کے تل ابیب روانہ ہونے والی پرواز میں اس نے مبینہ طور پر طیارہ گرانے کی کوشش کی، تاہم پائلٹ اور دیگر عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے روک دیا۔ بعد ازاں طیارے کو بحفاظت سعودی عرب میں اتارا گیا۔
واقعے کے بعد کو پائلٹ الحمامی کو متحدہ عرب امارات کے حکام نے حراست میں لے لیا۔ تحقیقات میں اسرائیلی حکام بھی متحدہ عرب امارات کے حکام کے ساتھ شامل ہیں۔ تفتیش کار یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ الحمامی نے طیارہ گرانے کا فیصلہ کیوں کیا، آیا اس کے پیچھے کوئی اور شخص یا تنظیم بھی ملوث تھی یا نہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تحقیقات کے دوران الحمامی نے بتایا کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے خلاف احتجاج اور اسرائیل سے بدلہ لینے کے ارادے سے اس نے اسرائیلی شہریوں کو لے جانے والی پرواز کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ معاملے کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔

