مولانا ابوالکلام آزاد کے تعلیمی مشن کو آگے بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے: افضل محی الدین
پیداپلی میں قومی یومِ تعلیم کا شاندار انعقاد، 100 سے زائد طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا
پیداپلی: ممتاز ماہرِ تعلیم اور آزاد ہندوستان کے پہلے وزیرِ تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش کے موقع پر قومی یومِ تعلیم کی تقریب ایم بی گارڈن، پیداپلی میں نہایت شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی صدارت جناب افضل محی الدین، صدر MESA پیداپلی نے کی، جبکہ جناب ٹی۔ سندر کمار، منڈل ایجوکیشن آفیسر (MEO) پیداپلی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ پروگرام میں ضلع بھر کے اردو میڈیم اساتذہ، طلبہ و طالبات اور اولیائے طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اپنے صدارتی خطاب میں افضل محی الدین نے مولانا ابوالکلام آزاد کی تعلیمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد نے آزاد ہندوستان میں تعلیمی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھی اور ابتدائی تعلیم سے لے کر اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم تک ایک مستحکم تعلیمی نظام کے قیام کے لیے تاریخی خدمات انجام دیں۔ آئی آئی ٹی کھڑگپور، اے آئی آئی ایم ایس اور یو جی سی جیسے اہم تعلیمی اداروں کے قیام و فروغ میں ان کا نمایاں کردار رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مولانا آزاد کے تعلیمی ویژن کو اپناتے ہوئے تعلیم کو ترقی کا مؤثر ہتھیار بنانا اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
منڈل ایجوکیشن آفیسر ٹی۔ سندر کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج اقلیتی طلبہ کے لیے اسکولوں، کالجوں اور بی ایڈ کالجوں سمیت تعلیم کے متعدد مواقع دستیاب ہیں۔ طلبہ کو ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنی چاہیے تاکہ وہ بہتر شہری بننے کے ساتھ ساتھ دوسروں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کرسکیں۔
اسکول کمپلیکس ہیڈمسٹریس محترمہ بھوانی نے اردو میڈیم اسکولوں کی تعلیمی کارکردگی، بالخصوص ایف ایل این پروگرام میں ان کی نمایاں کامیابیوں کو سراہا اور اردو میڈیم اسکولوں کے معیارِ تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے لیے اساتذہ سے متحدہ کوششوں کی اپیل کی۔
MESA کی نائب صدر نشاط فاطمہ نے اردو زبان کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اردو سب کی زبان ہے اور اس کی ترویج و ترقی کے لیے تمام طبقات کو آگے آنا چاہیے۔ عائشہ میڈم اور معیز سر نے مولانا آزاد کی زندگی، علمی خدمات اور ملک کی تعلیمی ترقی میں ان کے تاریخی کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
پروگرام کے کامیاب انعقاد میں عتیق سر نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ MESA کے جنرل سیکریٹری عبدالخادر نے انتظامی امور میں بھرپور تعاون کیا۔ روح الاسلام اور ملیحہ فاطمہ نے نظامت کے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
تقریب کا اہم حصہ طلبہ کے لیے منعقدہ مختلف تعلیمی و تخلیقی مقابلے رہے، جن میں تقریری مقابلہ، مضمون نویسی اور ڈرائنگ شامل تھے۔ ان مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 100 سے زائد طلبہ و طالبات کو انعامات اور ایوارڈز سے نوازا گیا۔
پروگرام کو کامیاب بنانے میں ضلع پیداپلی کے اردو میڈیم اساتذہ، MESA کے اراکین، طلبہ و طالبات اور اولیائے طلبہ نے بھرپور تعاون اور شرکت کی۔ آخر میں عرفان سر نے تمام معزز مہمانوں، اساتذہ، شرکاء اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔
یہ تقریب مولانا ابوالکلام آزاد کے تعلیمی مشن، اردو زبان کی ترویج اور معیاری تعلیم کے فروغ کے عزم کے ساتھ کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی۔

