Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
شادی کے دعوت نامہ پر ہندو نام دیکھ کر ہنگامہ - پولیس کے پہرے میں دو مسلم بہنوں کا نکاح، 1947 کی تقسیم سے جڑی ہے ناموں کی کہانی

شادی کے دعوت نامہ پر ہندو نام دیکھ کر ہنگامہ - پولیس کے پہرے میں دو مسلم بہنوں کا نکاح، 1947 کی تقسیم سے جڑی ہے ناموں کی کہانی

Urdu Leaks 1 hr ago

سہارنپور: اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے گنگوہ میں شادی کے دعوت نامے پر دولہوں کے ہندو نام دیکھ کر شروع ہونے والا تنازعہ بالآخر پرامن نکاح کے ساتھ ختم ہوگیا۔ جمعرات 12 نومبر کو دو مسلم سگی بہنوں کا نکاح ہریانہ سے تعلق رکھنے والے دو مسلم نوجوانوں کے ساتھ انجام پایا۔ سوشل میڈیا پر جاری تنازعہ اور نکاح رکوانے کی مبینہ دھمکیوں کے پیش نظر پولیس نے فنکشن ہال کے باہر سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے۔

دونوں دولہے ہریانہ کے رہنے والے ہیں اور ان کے نام انیل اور سنجے ہیں۔ وہ مسلم خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، تاہم ان کے نام ہندو روایات کے مطابق رکھے گئے ہیں۔ شادی کے دعوت نامے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد تنازعہ شروع ہوا تھا۔ تاہم نکاح کی مخالفت کے لئے کوئی بھی موقع پر نہیں پہنچا اور تمام رسومات پرامن طور پر انجام پائیں۔

اطلاعات کے مطابق گنگوہ کے محلہ انارکلی کی دو سگی بہنوں کا نکاح 12 نومبر کو طے تھا۔ دعوت نامے وائرل ہونے کے بعد بعض افراد نے مبینہ طور پر شادی گارڈن کے منتظم کو فون کرکے تقریب کی بکنگ منسوخ کرنے کے لئے دباؤ ڈالا۔ دھمکیاں دینے والوں نے مبینہ طور پر ہندو سرکشا سیوا سنگھ کے ضلعی صدر روہت پردھان کا نام بھی لیا تھا۔ اس کے بعد لڑکی والوں نے پولیس اسٹیشن میں دو افراد کے خلاف شکایت درج کراتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

دولہوں کے افراد خاندان کے مطابق خاندان میں ہندو نام رکھنے کی روایت 1947 کی تقسیم ہند سے چلی آرہی ہے۔ ان کے بزرگوں کی جان خطرے میں تھی تو گاؤں کے ہندو خاندانوں نے انہیں بچانے کے لئے اپنی شناخت چھپاکر ہندو ظاہر کیا تھا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اس وقت ملنے والے تعاون اور بھائی چارے کی یاد برقرار رکھنے کے لئے خاندان میں بچوں کے ہندو نام رکھنے کی روایت شروع ہوئی، جو آج بھی جاری ہے۔

جمعرات کو ہریانہ کے ضلع حصار کے چھوٹی ساتروڈ سے انیل اور ضلع جند کے ڈھانڈاکھیڑی سے سنجے بارات لے کر گنگوہ پہنچے۔ دونوں دولہے آپس میں خالہ زاد بھائی ہیں۔ بارات کی آمد پر لڑکی والوں اور رشتہ داروں نے استقبال کیا، جس کے بعد نکاح کی رسومات ادا کی گئیں۔ تقریب میں بھارتیہ کسان یونین ٹکیت کے بلاک صدر حاجی تحسین چودھری، شہر صدر مہربان قریشی اور سرفراز سمیت کئی افراد موجود تھے۔

واقعہ کی حساسیت کے پیش نظر پولیس اہلکار شادی ہال کے باہر تعینات رہے۔ سی او شیلیندر پرتاپ گوتم نے بتایا کہ پولیس پورے معاملے پر نظر رکھے ہوئے تھی اور حفاظتی نقطۂ نظر سے شادی گارڈن میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نکاح کے دوران کسی نے مخالفت نہیں کی اور تمام رسومات پرامن طور پر مکمل ہوئیں۔ امن و قانون میں خلل ڈالنے یا تقریب میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیکی جائے گی۔

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Urdu Leaks