تلنگانہ محبوب نگر گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل می32 لاکھ روپے مالیت کے جدید طبی آلات کا افتتاح - ایچ ڈی سی اجلاس میں اسپتال کی ترقی کا جائزہ
محبوب نگر گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل (تلنگانہ) میں 'ویروچی لیباریٹریز' کے سی ایس آر فنڈز (32 لاکھ روپے) کے تحت فراہم کردہ جدید الٹراساؤنڈ اسکیننگ مشین، چار ڈبل سرفیس فوٹو تھراپی مشینیں، سی-آرم آپریشن مشین اور ڈرل مشین کا افتتاح گورنمنٹ وہپ و ایم ایل اے شری ینم سرینواس ریڈی اور ڈسٹرکٹ کلکٹر محترمہ خوشبو گپتا نے مشترکہ طور پر انجام دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے نے کہا کہ عوامی حکومت غریب عوام کو کارپوریٹ سطح کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان نئے آلات کی بدولت زچہ و بچہ اور آرتھوپیڈک سرجری کے شعبوں میں جدید ترین ٹیکنالوجی دستیاب ہوگی۔ انہوں نے عطیہ دہندہ ادارے کے مالک پرتاپ ریڈی کی ستائش کرتے ہوئے ان کی تہنیت کی۔ ایم ایل اے نے بتایا کہ گزشتہ ماہ بچوں کے وارڈ کی ضروریات کے لیے 15 لاکھ روپے خرچ کیے گئے تھے،
جبکہ اب مزید 32 لاکھ روپے کے آلات شامل کیے گئے ہیں۔ مزید برآں، آروگیہ شری اسکیم کے تحت 5.76 کروڑ روپے منظور ہوئے ہیں جس کے تخمینے اور ٹینڈر کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔
بعد ازاں منعقدہ ہاسپٹل ڈیولپمنٹ کمیٹی (HDC) کے اجلاس میں اسپتال کے مسائل، مریضوں کی دیکھ بھال، کمروں کی الاٹمنٹ اور عملے کی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایم ایل اے نے کہا کہ اسپتال میں روزانہ تقریباً 2,000 او پی مریض، 150 داخل مریض اور 20 تا 30 زچگیاں ہو رہی ہیں، جو حیدرآباد کے بڑے اسپتالوں کے مساوی بوجھ ہے۔ انہوں نے حکام اور ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ نئے اسپتال کی تکمیل تک موجودہ وسائل کا بہتر استعمال کرتے ہوئے معیاری خدمات کو یقینی بنائیں۔
پروگرام کے آغاز میں مریضوں میں پھل تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر موڈا چیئرمین لکشمن یادو، ڈسٹرکٹ لائبریری چیئرمین ملو نرسمہا ریڈی، ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رنگا اجمیرہ، ایچ ڈی سی اراکین بجوگم راگھویندر، ڈاکٹر سیموئیل، سعد اللہ، کارپوریٹر سلمان، عمر کوتوال، فیاض اور دیگر موجود تھے۔

