دہلی: ملک کے سب سے بڑے سرکاری بینک اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے ملازمین نے 25 اور 26 مئی کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ جس کے پیش نظر ایس بی آئی نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بینکنگ خدمات کیلئے متبادل ذرائع جیسے اے ٹی ایم، کسٹمر سروس پوائنٹس، یونو، یو پی آئی اور آن لائن بینکنگ سہولیات کا استعمال کریں۔
ملک کے بینکنگ نظام میں تقریباً پانچواں حصہ ایس بی آئی کے زریعہ انجام پاتا ہے اور بینک کے 52 کروڑ سے زائد کھاتہ دار ہیں۔ ملازمین کی مجوزہ ہڑتال کے باعث بڑی تعداد میں صارفین متاثر ہوسکتے ہیں۔ بینک نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بتایا کہ ہنگامی خدمات کیلئے 23,200 شاخوں میں ضروری انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب آل انڈیا ایس بی آئی امپلائز فیڈریشن کے تحت ملازمین نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو پیر اور منگل کو ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔ یونین نے مناسب تعداد میں ملازمین، میسنجرس اور مسلح گارڈس کی تقرری، این پی ایس ملازمین کیلئے پنشن فنڈ مینیجر تبدیل کرنے اور مستقل ملازمتوں کو آؤٹ سورسنگ کے حوالے کرنے کا عمل روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اگر یہ ہڑتال عمل میں آتی ہے تو مسلسل پانچ دن تک بینکنگ خدمات متاثر رہ سکتی ہیں، کیونکہ ہڑتال سے قبل چوتھا ہفتہ، اتوار اور بعد میں کئی ریاستوں میں بقرعید کی تعطیل بھی رہنے والی ہے۔

