دربھنگہ (محمد رفیع ساگر )
دربھنگہ شہر کے ٹاون تھانہ علاقہ میں جمعہ کے روز دن دہاڑے ایک سنسنی خیز واردات میں نامعلوم مسلح بدمعاشوں نے تقریباً 2 کروڑ روپے مالیت کے سونے چاندی کے زیورات لوٹ لیے۔ واردات نگر تھانہ کے مہارانی گدام کے مہامایہ مارکیٹ بڑا بازار میں واقع ایک جیولری شاپ پر پیش آئی، جہاں چار کی تعداد میں آئے بدمعاشوں نے اسلحہ کے زور پر تقریباً 20 منٹ کے اندر پوری کارروائی انجام دی اور 25 لاکھ روپے نقد بھی لے کر فرار ہوگئے۔لوٹ کی پوری وارادت سی سی ٹی وی میں قید بتائی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بڑا بازار میں واقع "پریم جیولرز" دکان پر اس وقت گاہک موجود تھے جب اچانک چار مسلح افراد داخل ہوئے اور دکان پر دھاوا بول دیا۔ بدمعاشوں نے پستول نکال کر دکان میں موجود افراد کو یرغمال بنا لیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ اس دوران انہوں نے دکان میں موجود قیمتی زیورات سمیٹ لیے۔
دکان کے مالک منوج کمار ساہ کے مطابق وہ معمول کے مطابق گاہکوں کو سامان دکھا رہے تھے کہ اچانک بدمعاش اندر داخل ہوئے اور سیدھے پستول تان دی۔ انہوں نے نہ صرف زیورات لوٹے بلکہ دکان میں موجود افراد کے موبائل فون بھی چھین لیے۔
عینی شاہدین کے مطابق بدمعاشوں نے دکان کے ملازمین کے ساتھ مارپیٹ بھی کی اور انہیں ایک جگہ بیٹھنے پر مجبور کیا۔ ملازم برج کمار نے بتایا کہ چاروں افراد کے پاس پستول تھے اور انہوں نے سب کو دھمکاتے ہوئے لوٹ مار کی۔ ایک اور ملازم جھاژی کمار کے مطابق بدمعاشوں نے دکان میں موجود گاہکوں سے بھی چین، انگوٹھی اور نقدی چھین لی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نگر تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔ آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگالی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت کی جا سکے۔ پولیس نے جلد ہی ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔
اس واردات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے اور مقامی تاجروں میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔

