Tuesday, 26 Jan, 2.03 pm بصیرت آن لائن

سرورق
کسانوں کے ٹریکٹر مارچ پر پولس کا لاٹھی چارج کئی زخمی، آنسو گیس کے گولے داغے گئے، پولس کی جانب سے امن وامان کی اپیل

نئی دہلی۔۲۶؍جنوری: (بی این ایس) مرکزی حکومت کے تینوںزرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی آج راجدھانی دہلی میں عظیم الشان ٹریکٹر ریلی ہورہی ہے، کسانوں نے کئی جگہوں پر پولس بریکیڈ توڑ دئیے ہیں۔ پولس کی جانب سے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے گولے داغے جانے کی خبر ہے جس میں کئی زخمی ہوگئے ہی۔ کچھ جگہوں سے پتھرائو کی بھی خبریں مل رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق معینہ وقت سے قبل ہی کسانو ں نے سنگھو بارڈر پر بریکیڈ توڑ دئیے جس کی وجہ سے ہنگامہ برپا ہوگیا، پولس نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ دلی آنے والے سبھی بارڈر سیل ہیں، لیکن کسانوں کے ہنگامے کی وجہ سے پولس کو امن وامان برقرار رکھنا ایک چیلنج ہے۔ دہلی پولس کے ذرائع کے مطابق غازی پور بارڈر کے پاس کسانوں نے بریکیڈ توڑ دئے ہیں، ادھر اکشر دھام نوئیڈا موڑ کے پاس کسانوں اور پولس کے درمیان جھڑپ کی خبر ہے، کچھ جگہوں پر پرتشدد جھڑپ بھی ہوئی ہے، ٹرک سمیت کئی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی خبریں مل رہی ہیں، مبارکا چوک پر حالات خراب ہیں، اس کے ساتھ ہی ٹکری بارڈر کے آگے ناگلوئی میں بھی پولس بریکیڈ توڑ دئیے گئے ہیں، کسانوں نے ۳۷ این او سی کے اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے، پولس کئی جگہوں پر کوشش بھی کررہی ہے، آنسو گیس کے گولے چھوڑے جارہے ہیں، آئی ٹی او پر بھی کسانوں کا ہنگامہ جاری ہے، کسانوں نے پولس کی بس کو ہائی جیک کرلیا ہے، آئی ٹی او سے لال قلعہ جانے والے راستے پر بھی بڑی تعداد میں پولس فورس تعینات ہے۔ جی ٹی کرنال روڈ، آئوٹر رنگ روڈ، بادلی روڈ، مدھوبن چوک، نریلا روڈ پر بھی ٹریفک جام ہی، ان راستوں پرنہ نکلنے کا مشورہ دیاجارہا ہے، اس کے ساتھ ہی وزیر آباد روڈ، آئی ایس بی ٹی روڈ، پشتہ روڈ، وکاس مارگ، این ایچ ۲۴ روڈ اور نوئیڈا لنک روڈپر بھی ٹریفک درہم برہم ہے۔ دہلی پولس نے کسانوں سے امن وامان کی برقراری کی اپیل کی ہے، آئی ٹی او پر ہنگامے کے دوران تتربتر کرنے کےلیے ٹیر گیس کے گولے چھوڑے گئے۔ روہتک روڈ پر مہاراجہ سورج مل اسٹیڈیم میٹرو کے پاس کسانوں کے ہجوم پر پولس نے آنسو گیس کے گولے داغے ہیں۔ پولس کے ذریعے کسانوں پر لاٹھی چارج کی ویڈو وائرل سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے ۔

Dailyhunt
Disclaimer: This story is auto-aggregated by a computer program and has not been created or edited by Dailyhunt. Publisher: Baseerat Online
Top