Sunday, 09 May, 5.04 pm بصیرت آن لائن

مسلم دنیا
الشیخ جراح سے فلسطینیوں کی بے دخلی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے:اقوام متحدہ

آن لائن نیوزڈیسک
اقوام متحدہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں الشیخ جراح کے مقام پر آباد فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کی اسرائیلی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض ریاست کی طرف سے الشیخ جراح میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا استعمال، نہتے مظاہرین کی مار پیٹ اور ان کی گرفتاری قابل مذمت اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ القدس اب بھی مقبوضہ فلسطینی اراضی کا حصہ ہے۔ اسرائیل کی طرف سے فلسطینی اراضی میں قانونی اورانتظامی سرگرمیاں باطل اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔خیال رہے کہ فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہرمیں گذشتہ دو روز کے دوران اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینیوں کو نکال باہر کرنے کی کوشش کے دوران درجنوں فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔ القدس میدان جنگ میں تبدیل ہوچکا ہے۔ فلسطینی شہریوں نے الشیخ جراح کو خالی کرنےسے انکار کرتے ہوئے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جب کہ قابض فوج نے فلسطینیوں کو طاقت کے ذریعے وہاں سے بے دخل کرنے سازشیں شروع کررکھی ہیں۔الشیخ جراح میں 12 فلسطینی خاندانوں کو اپنے مکانات خالی کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

Dailyhunt
Disclaimer: This story is auto-aggregated by a computer program and has not been created or edited by Dailyhunt. Publisher: Baseerat Online
Top